آج کا کالم

سماجی برائیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت

سماجی برائیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت

تحریر: اصغر علی کھوکھر

سماجی برائیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اس حوالے سے پنجاب حکومت کا یہ اقدام خوش آئند ہے جس کے تحت شادی بیاہ کے مواقع پر کرنسی نوٹ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک ایسی برائی ہےجس سے نہ صرف فضول خرچی ایسی لعنت کی راہ ہموار ہوئی ہے بلکہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی دل آزاری بھی ہوتی ہے، محض چند لمحوں کی خوشی کے لیے دولت جیسی اللہ کی نعمت کو ہوا میں اڑا دینے کو کسی صورت دانش مندانہ فعل قرار نہیں دیا جا سکتا، یہ ایک ایسا عمل ہے جس سے طبقاتی معاشرے کی بنیاد استوار ہوتی ہے۔

پنجاب حکومت کو چاہیے کہ نہ صرف اس فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی سمیت ہر ممکن اقدام اٹھانے سے گریزاں نہ کرے، بلکہ شادی بیاہ کے مواقع پر دیگر ایسی ہندوانہ رسوم کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے بھی رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کرے جو معاشرے میں اسلام سے متصادم تصور کی جاتی ہیں۔ ایسا اس لیے بھی ضروری ہے کہ مملکت خداد پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ریاست ہے، لہذا یہاں ایسی تمام سرگرمیوں اور روایات کے آگے بند باندھنا ضروری ہے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہو سکیں۔
یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ شادی بیاہ کے موقعوں پر تمام غیر ضروری رسومات کے خاتمے سے کم آمدنی خاص طور پر خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے والدین کے لیے بچوں کی شادیاں کرنا آسان ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر سفید پوش طبقہ کی بہت سی مالی مشکلات سے جان چھوٹ سکتی ہے۔ اس حوالے سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ معاشرے سے سماجی برائیوں کے تدارک کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔ اسی طرح مساجد میں علمائے کرام اور تعلیمی اداروں میں اساتزہ کرام کو بھی معاشرتی برائیوں کی روک تھام کے لیے آپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ معاشرے کو برائیوں سے پاک کرنا صرف حکومت نہیں ہماری اجتماعی ذمے داری ہے، اس تناظر میں خود احتسابی تو سب سے موثر نسخہ ہے کہ جس پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف سماجی برائیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اجتماعی اصلاح کا جزبہ عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین

 

ہماری دینی غیرت و حمیت سوالیہ نشان کیوں؟

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button